پراپرٹی ٹیکس دہندگان کو دی گئی رعائتی مدت ختم

اتوار 2 اکتوبر 2016 13:51

فیصل آباد۔2 اکتوبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس دہندگان کو دی جانے والی رعائتی مدت گزشتہ روز ختم ہو گئی ہے جس کے باعث اب آج سے نادہندگان کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا جائے گا اور رعائتی نوٹسزکے اجراء کے باوجود جن پراپرٹی ٹیکس دہندگان نے تاحال اپنے ذمہ واجب الادا واجبات جمع نہیں کروائے ان کے خلاف سخت کاروائی اور جرمانہ کی وصولی کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل ۱ٓباد کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھرکے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو واجبات جمع کرانے کیلئے 30ستمبر تک کی مہلت دی تھی جبکہ مقررہ مدت کے بعد جرمانہ وصول کرنے کا بھی اعلان کیاگیا تھامگر بہت سے پراپرٹی ٹیکس دہندگان نے ان نوٹسز پر کان نہیں دھرے اور پراپرٹی ٹیکس جمع نہیں کروایا حالانکہ وہ یکمشت ادائیگی پر5فیصدکی خصوصی رعائت کے ساتھ 30ستمبر تک پراپرٹی ٹیکس جمع کروا سکتے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اب جن نادہندگان نے 30ستمبر تک کی رعائتی مہلت سے فائدہ نہیں اٹھایا ان سے آج سے ہر ماہ ایک فیصد کے حساب سے جرمانہ وصول کیاجائیگا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پراپرٹی ٹیکس نادہندگا ن ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اپنے ٹیکس ادا کریں گے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے مزید کہاکہ مقررہ مدت تک ٹیکس کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کو دیگر قانونی کاروائی کا سامنا بھی کرناپڑسکتاہے نیز ان کی جائیدادیں سربمہر کرنے کے علاوہ ان کے نام بھی میڈیا میں شائع کروائے جا سکتے ہیں۔