مودی نے پاکستانی حکومت کو برداشت ختم ہونے کا سخت پیغام دیدیا،سابق بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی

اتوار 2 اکتوبر 2016 13:12

مودی نے پاکستانی حکومت کو برداشت ختم ہونے کا سخت پیغام دیدیا،سابق بھارتی ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء ) سابق بھارتی آرمی چیف جنرل (ر) بکرم سنگھ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے پاکستانی حدود میں گھس کر پاکستان کو سخت پیغام دیا ہے کہ لائن کے اس پار سے کی جانے والی ہر حرکت کا جواب دیا جائے گا ،مودی حکومت نے گیند پاکستانی سرکار کی کورٹ میں پھینک دی ہے کہ اگر اب بھی پاکستان چاہے تو ’’جہادیوں ‘‘ کی حمایت جاری رکھ سکتا ہے لیکن اس صورت میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا اور اسے تیار رہنا چاہئے۔

بھارتی ٹی وی ’’اے بی پی نیوز‘‘ کو انٹرویو میں جنرل (ر) بکرم سنگھ کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی بھارت نے کئی مرتبہ پاکستانی حدود میں گھس کر کارروائی کی ہے لیکن اس مرتبہ جتنے بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا ہے وہ پہلے نہیں دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی خفیہ ادارے ’’را‘‘ کے سابق سربراہ اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کی سربراہی میں بھارتی فوج نے جو کارروائی کی ہے اس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے ،مودی سرکار نے پاکستانی وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا ہے کہ اب برداشت کی حد ختم ہو چکی اور بھارت دہشت گردی کی ہر واردات کا جم کر جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد پاکستانی فوج چپ بیٹھنے والی نہیں بھارتی سیکیورٹی اداروں کو پہلے سے زیادہ چوکس ہونا پڑے گا۔