یمنی شہر عدن کے رہائشی علاقے میں دھماکا،چار افراد ہلاک ،22 زخمی

بم کچرے کے ایک کنٹینر میں نصب، دھماکے سے اڑایا گیا ،فورسزنے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

اتوار 2 اکتوبر 2016 12:10

عدن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) یمن کے جنوبی شہر عدن میں ایک رہائشی علاقے میں بم دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور22 زخمی ہوگئے ۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔تاہم انھوں نے فوری طور پر دھماکے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یمنی حکام نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ عدن میں یہ بم دھماکا کیسے ہوا ۔

(جاری ہے)

بعض عینی شاہدین کے مطابق بم کچرے کے ایک کنٹینر میں نصب کیا گیا تھا اور اس کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے جبکہ بعض کا کہنا تھا کہ یہ دھماکا ایک خودکش بمبار نے کیا ہے اور اس نے بارودی جیکٹ پہن رکھی تھی۔دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔تاہم انھوں نے فوری طور پر دھماکے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔واضح رہے کہ ستمبر 2014ء میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے صدر عبد ربہ منصور ہادی اور ان کے وزراء عدن سے امور مملکت چلا رہے ہیں اور انھوں نے اس شہر کو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کاعارضی دارالحکومت قرار دے رکھا ہے۔

اس شہر پر 2015ء کے وسط میں ہادی حکومت کے دوبارہ کنٹرول کے بعد سے متعدد بم دھماکے ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :