کھلے مین ہول ، ابلتے گٹر ، آلودہ گلیاں ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر کوٹلی شہر کی پہچان بن گئے ،بلدیہ کوٹلی کے تیس مار افسران اور اہلکاران نے نئی نویلی حکومت کے متحرک وزیر کو بھی ماموں بنا دیا، ، جعلی فوٹو سیشن اور فرضی خبروں کے ذریعے شہر کو پیرس بنا دیا

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 17:18

کوٹلی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) کھلے مین ہول ، ابلتے گٹر ، آلودہ گلیاں ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر کوٹلی شہر کی پہچان بن گئے ،بلدیہ کوٹلی کے تیس مار افسران اور اہلکاران نے نئی نویلی حکومت کے متحرک وزیر کو بھی ماموں بنا دیا، روایتی کام چوروں نے وزیر مال کی نیک نامی اور کام کرنے کی لگن کی راہ میں روایتی انداز میں روڑے اٹکانے شروع کر دیئے ہیں۔

بلدیہ نے نہ کوئی گلی صاف کی اور نہ ہی نالیاں، جعلی فوٹو سیشن اور فرضی خبروں کے ذریعے کوٹلی شہر کو پیرس بنا دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں وزیر مال سردار فاروق سکندر نے دورہ کوٹلی کے دورن بلدیہ سمیت دیگر محکموں کے اہلکاران کو ہدایت کی تھی کہ فوری بنیادوں پر کھلے مین ہولوں کو ڈھانپا جائے جو کہ حادثات کا سبب بن رہے ہیں اور شاہرات پر پیج لگائے جائیں اور اندرون شہر صفائی ستھرائی کا نظام بہتر کیا جائے، مگرمحکموں کے ذمہ داران نے ہفتہ صفائی کے نام پر سوشل میڈیا اور اخبارات میں جعلی فرضی تصاویر اور خبروں سے کوٹلی شہر کو پیرس بنا لیا ہے عملی طور پر کسی بھی مین ہول کو نہ ہی ڈھانپا گیا اور نہ ہی کسی نالی کو صاف کیا گیا، شہر میں جا بجا گندگی کے ڈھیر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کر رہے ہیں،کوئی پرسان حال نہیں ہے، شہری متعلقہ محکموں کی چوری اور سینہ زوری پر حیران و پشیمان ہیں۔