آزمائش کی ہر گھڑی پر پوری اترنے والی پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط تر ہوتی جارہی ہے ، صدر ممنون

پاک چین اقتصادی راہداری کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے ، وزیر اعظم نواز شریف عوامی جمہوریہ چین کے 67ویں یوم تاسیس کے موقع پر چینی ہم منصبوں کے نام پیغامات تہنیت میں اظہار خیال

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین امن و استحکام کے لئے سٹرٹیجک پارٹنرشپ کے تحت مل کر کام کرتے رہینگے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارہفتے کو عوامی جمہوریہ چین کے 67ویں قومی دن کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آزمائش کی ہر گھڑ ی پر پوری اترنے والی دوستی مزید مضبوط ترہوتی جارہی ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) منصوبے نے دوطرفہ تعاون کو نئی توانائی عطا کی ہے ۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خوشگوار تعلقات ، باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہے ، دونوں ممالک کے علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے نام ا پنے تہینی پیغام چین پاکستان اقتصادی راہداری کی وجہ سے پاک چین دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ، وزیراعظم نے کہا کہ پاک ۔

چین سٹرٹیجک پارٹنر شپ سی پیک کی تکمیل سے نئی بلندی پر پہنچے گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کا پیش خیمہ ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ اقدار کے فروغ کے تحفظ اور پرامن بقائے باہمی کیلئے یک جان ہیں ۔انہوں نے چین کی عوام اور حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر ہے کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان مستقبل کے اشتراک عمل میں مزید اضافہ ہو گا ۔