عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کا جھوٹا دعوی کیا ،راجہ فاروق حیدر خان

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء ) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے دو ٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کا دعوی جھوٹا ،من گھڑت اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ایک کوشش ہے تاکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹائی جا سکے ۔وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف نے ایک مدبر کی طرح بھارت کو امن کا پیغام دیتے ہوے مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں بھرپور ،مدلل اور متوازن انداز میں اجاگر کیا جو کشمیریوں کی خواہشا ت کے عین مطابق ہے جس کو ریاست کے دونوں جانب کی قیادت ،عوام اور شہداء کے وارثوں نے سراہاہے ۔

مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی مرضی سے حل کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

کشمیری پرامن لوگ ہیں ،خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو ہندوستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے ۔بائیس ہزار مربع میل پر بسنے والے 40 لاکھ کشمیری پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں ،پاکستان کے لیے جان ،مال سب حاضر ہے ،سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لیے ہر کشمیری جان سے گزر جانے کو سعادت عظیم سمجھتا ہے ۔

رائیونڈ مارچ اگر واہگہ کی طرف ہوتا تو زیادہ اچھا ہوتا ،قوم کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے ایک مضبوط،جمہوری اور اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا بہترین وکیل ہو سکتا ہے ۔اشفاق مجید وانی سے لیکر برہان وانی تک لاکھوں قربانیاں صرف اور صرف سبز ہلالی پرچم سے عشق کی علامت ہیں ،موجودہ صورتحال پر جلد کل جماعتی کانفرنس بلاوں گا جس میں سیاسی جماعتوں اور حریت قائدین کو مدعو کی جائے گا ۔

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ان خیالات کا اظہار کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے مقدمے کو جس جرات ،بردباری اور دانشمندی سے پیش کیا اس سے اقوام عالم پر واضح ہو گیا ہے کہ کشمیر میں بھارت بندوق کے زور پر قابض ہے ،بھارت نے اس خفت کو مٹانے کے لیے سرجیکل سٹرائیک کا جو دعوی کیا اسے بطور وزیراعظم آزادکشمیر سختی سے مسترد کرتا ہوں ،انہوں نے کہا کہ میں خود کنٹرول لائن پر رہنے والاشخص ہوں یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ کنٹرول لائن پار کی جاسکے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کا مورال ڈاون ہے اور وہ خود اس کا اظہار کر چکی ہے کہ ہمیں ہر وقت دھڑکا لگا رہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر سویلین آبادی کو نشانہ بناتی ہے جبکہ پاک فوج صرف اس جگہ کو جہاں سے فائرآتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں خود منقسم خاندان کا ایک فرد ہوں میری والدہ محترمہ سرینگر سے تھیں لہذا میں نے تقسیم کشمیر کے کرب اور بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے سے کشمیریوں کے دل پر گزرنے والے دکھ کو خود بھی برداشت کیا ہے ،ہمار ا ہردن جس طرح گزرتا ہے وہ ہمیں جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت تاریخی حقائق کو مسخ نہیں کر سکتا کشمیر کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں رہا ،بھارتی وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ میں بھی جھوٹ بولا ۔

وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا میں خود کنٹرول لائن سے ملحق ہر علاقے کا دورہ کروں گا چکوٹھی کا دورہ کر چکا ہوں انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیریوں کا مورال بہت بلند ہے اور وہ پرعزم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال پر جلد ایک کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے گی جس میں آزادجموں وکشمیر کی تمام سیاسی قیادت اور حریت قیادت کو مدعو کیا جائے گا ۔

انہوں نے میڈیا سے بھی کہا کہ وہ خود بھی کنٹرول لائن پر جاکر حالات کا مشاہدہ کرے تاکہ ان پر حقیقت کھل کر سامنے آجائے کہ بھارت کے دعووں میں کس قدر صداقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہوتے ہوے بھارت کی یہ جرات ہو ہی نہیں سکتی کہ وہ ایک انچ بھی کنٹرول لائن عبور کرے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے اور ہم کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

یہ جوان قوم کے لئے مینار نور کی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہ اشفاق مجید وانی سے لیکر برہان وانی تک لاکھوں شہادتیں پاکستان کے ساتھ عشق کی کھلی علامتیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خود بھارت میں دانشوروں کا طبقہ کہہ چکا ہے کہ کشمیر کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے ،انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں بھی جھوٹ بولا اور حقائق کو مسخ کیا ۔

وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کنٹرول لائن پر رہنے والے کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر موجودہ حکومت کی ترجیح اول ہے جس کے لیے ہمارے تمام وسائل حاضر ہیں ،ایک اور سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر ڈیفینس کمیٹیاں کا م کر رہی ہیں جن کی رپورٹس روزمرہ منگوا کر دیکھتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا بھارتی فوج کے ایک ونگ کا کردار ادا کر رہاہے اسے چاہیے کہ وہ حقائق پر پردہ نہ ڈالے اور سچ کو مسخ نہ کرے ۔

وزیر اعظم نے الیکٹرانک میڈیا کو دعوت دی کہ وہ خود آ کر کنٹرول لائن کا دورہ کریں تاکہ ان پر حقیقت واضح ہوسکے کہ بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے دعوی میں کتنی حقیقت ہے ۔انہون نے بھارتی ڈی جی ایم او جنرل ربنیر سنگھ کا نام لیکر کہا کہ اس کے بیان سے لگتا ہے کہ اس نے کشمیر میں کبھی ڈیوٹی کی ہی نہیں ہے نہ اس کو کنٹرول لائن کا صیحیح اندزہ ہے ،اس کے بیان سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ جھوٹ کنتی ڈھٹائی سے بولا جا رہاہے ۔

وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دے ۔اس موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ،ڈپٹی سپیکر سردار فاروق طاہر ،رکن اسمبلی احمد رضا قادری اور سید علی رضا بخاری ،ڈائیریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،پی ایس او مسعود احمد بھی موجود تھے ۔