فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جماعت اسلامی فیصل آباد کو دھوبی گھاٹ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی، پولیس افسران نے زبردستی اسٹیج پر آ کر پروگرام کو خراب کرنے کی کوشش کی ،مرکزی ترجمان امیر العظیم کا جماعت اسلامی کے جلسہ فیصل آباد میں پولیس کے ناروا سلوک پر ردعمل

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان امیر العظیم نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جماعت اسلامی فیصل آباد کو دھوبی گھاٹ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی تھی اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ چاہتی تھی کہ جماعت اسلامی چنیوٹ بازار میں جلسہ کرے۔ پولیس انتظامیہ کی طرف سے بھی جماعت اسلامی کے ساتھ الجھا کی فضا موجود تھی تاکہ ہر صورت میں جلسے کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایسے میں جب جلسے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا تھا تو پولیس کے کچھ افسران نے زبردستی اسٹیج پر آ کر پروگرام کو خراب کرنے کی کوشش کی اور میڈیا میں یہ جواز پیش کیا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے گارڈ کے پاس ناجائز اسلحہ تھا جس پر ان سے جواب طلبی کرنے پر تلخی ہوئی۔ ترجمان جماعت اسلامی امیر العظیم نے پولیس کے اس مو قف کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے ساتھ ایک گارڈ کے پی کے گورنمنٹ کی طرف سے دیا گیا ہے جو کہ کے پی کے پولیس کا ملازم ہے اور گورنمنٹ کی طرف سے لائسنس شدہ گن کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ سراج الحق کے ساتھ کوئی پرائیویٹ سیکیورٹی نہیں ہے۔