آئی جی خیبرپختونخوا کاایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول نوشہرہ کا دورہ

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 16:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے ایلیٹ فورس کے سپیشل کمبٹ یونٹ کو جدید تکنیکی آلات کی فراہمی اور نئی سہولیات کا افتتاح کیا ایڈیشنل آئی جی پی ایلیٹ فورس طارق جاوید، ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی صلاح الدین محسود، چیف کیپیٹل سٹی پولیس پشاور اور ریجنل پولیس آفیسر مردان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی جی پی نے تختی کی نقاب کشائی کرکے سپیشل کمبٹ یونٹ کے نئے دفترکا افتتاح کیا ۔ سکول کے کمانڈنٹ کرنل (ر)ثناء اللہ خان نے آئی جی پی کو سپیشل کمبٹ یونٹ کی تکنیکی صلاحیتیں بڑھانے اور دہشت گردی سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لئے نئی فرہم کردہ ٹیکنیکل آلات اور آوزار کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیشل کمبٹ یونٹ کے جوانوں نے نئی آلات کی مدد سے چھاپوں اور حملوں کے عملی مظاہرے بھی پیش کئے جو اُ ن کی بڑھتی ہوئی آپریشنل صلاحیتوں کے آئینہ دارتھے۔

بعد ازاں آئی جی پی نے ایلیٹ فورس کے سپیشل کمبٹ یونٹ کے جوانوں اور انسٹرکٹروں سے خطاب کیا۔ آئی جی پی نے سخت اور مشکل حالات میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کی غیر معمولی جرات ا ور حوصلے کی تعریف کی۔ اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے اور جدید آلات میں مہارت کے مسلسل حصول پر بھر پور توجہ دیں۔ تاکہ صوبے میں دہشت گردی کے خطرے سے بطریق احسن نمٹا جا سکے۔

آئی جی پی نے سکول کی ٹریننگ کے مجموعی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور انسٹرکٹروں کو تاکید کی کہ وہ زیرتربیت جوانوں میں ٹیم سپرٹ کا جذبہ پیدا کریں ۔ آئی جی پی نے کہا کہ سکول میں تمام ضروری سہولیات درجہ بدرجہ فراہم کی جائیگی۔ اور یہ سکول بہت جلد اعلیٰ ٹریننگ کے حوالے سے ایک معیاری سنٹر بن جائیگا۔ اور جوان یہاں پر تربیت حاصل کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :