مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی برائے ہیپا ٹائٹس کنٹرول کا اجلاس ‘ مختلف امورپرتبادلہ خیال

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 15:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء ) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبے میں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ہیپا ٹائٹس کی بیماری پر قابو پانے اور مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع پرو گرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے ، پاکستان کڈنی اینڈ لیو ر ٹرانسپلانٹ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ حکومت کے تعاون سے صوبے میں ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کا سروے کرنے کے علاوہ رواں سال دسمبر میں ہیپاٹائٹس کلینک کا آغاز کر دے گا جہاں مریضوں کو تشخیص و علاج کی سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز PKLIٹرسٹ کے سیکرٹریٹ میں سٹیئرنگ کمیٹی برائے ہیپا ٹائٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلا س میں PKLIٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ ،ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی ڈ پارٹمنٹ ڈاکٹر شبانہ حیدر، ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر مختار حسین سید ، ڈائریکٹر ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر جعفر سلیم اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔

پرو فیسر سعید اختر نے بتایا کہ دسمبر میں PKLIہیپا ٹائٹس کلینک شروع کر رہا جہاں مرض کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ مریضوں کا ڈیٹا بیس تیار کرنے کے لیے سروے بھی کنڈکٹ کیا جائے گا جس میں 30ہزار مریضوں کے اعداد شمار جمع کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈ یٹا بیس مرض کی شدت ، اس کے پھیلاؤ اور وجوہات کے تعین کے لیے بہت کار آمد ثابت ہو گا ۔

پر وفیسر سعید اختر کا کہنا تھا کہ PKLIکو امریکہ اور یورپ میں کام کرنے والے ماہر ڈاکٹرز کا تعاون حاصل ہے ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے بتا یا کہ حکومت نے ہیپا ٹائٹس اور انفیکشن کنٹرول پرو گرام شروع کئے ہیں جن پر 4ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ علی جان خان نے بتایا کہ ہسپتالوں کے پیرا میڈیکس کے علاوہ جیل کے قیدیوں اور دیگر ہائی رسک افراد کو ہپیا ٹائٹس بی کی ویکسی نیشن بھی کرائی جا رہی ہے ۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہا کہ انفیکشن پھیلانے والی بیماریوں کی روک تھام کے لئے ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے تلف کرنے اور اس کی خورد برد کو روکنے کے لئے ایک فول پروف سسٹم بنانے کی ضرورت ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈسپوزایبل سرنجوں کا دوبار استعمال روکنے کے لیے اس صنعت سے وابستہ افراد کے ساتھ رابطہ کرکے دو بارہ ناقابل استعمال سرنجیں تیار کرنے کے اقدامات کرنا ہو ں گے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے تعاون سے علماء کرام کے ذریعے ان بیماریوں سے بچاؤ کی تدابیر بارے عوامی آگاہی مہم چلا نا ہو گی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد اجلا س بلا یا جائے گا جس میں محکمہ اوقاف ، سکول ایجوکیشن ، ماحولیات اور محکمہ قانون کے افسران کو شرکت کی دعوت دی جائے گی اور ہیپا ٹائٹس کی روک تھام کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی۔