بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم چھپانے اور دُنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے بارڈر پر کشیدگی کررہاہے، راجہ ظفر الحق

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 15:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم چھپانے اور دُنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کے لئے بارڈر پر کشیدگی شروع کررہاہے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ کر کشمیریوں کی آواز کو دبا سکے، بھارت نے 1965ء اور 1971ء میں جو غلطی کی تھی اب اُمید ہے ایسی حماقت سے گریز کرے گا ،پاکستان نے پھر بھی اپنے گھوڑے تیار کررکھے ہیں اور اس ِحوالے سے پوری قوم تمام سیاسی پارٹیاں اور افواج پاکستان یکجان ہیں۔

وہ گزشتہ روز شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کے ملازمین یونین کے زیر اہتمام سالانہ عشائیہ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پوری قوم حکومت اور مسلح افواج ایک صفحے پر ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ ملکی حالات پر ہر آدمی متفکر ہے اور آزمائش کی اس گھڑی کو حکومت اپنی موثر حکمت عملی کی بدولت کامیابی سے ہمکنار کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ بڑی بات ملک کے ساتھ وفاداری ہے ۔ پاکستان ہے تو ہمارا وجود ہے ۔ پاکستان کے بغیر ہماری زندگیوں کا کوئی معنی نہیں ہے ۔ راجہ محمد ظفر الحق نے یہ بھی کہاکہ بھارت نے 1965ء اور 1971ء میں جو غلطی کی تھی اب اُمید ہے ایسی حماقت سے گریز کرے گا ۔ پاکستان نے پھر بھی اپنے گھوڑے تیار کررکھے ہیں اور اس ِحوالے سے پوری قوم تمام سیاسی پارٹیاں اور افواج پاکستان یکجان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے پوری دُنیا نے اس کو سراہا ہے ۔ یہ ہمارے مستقبل کا معاملہ ہے ۔ کشمیر اب بھی متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں او رکشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے مطابق ہوگا ۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ بھارت مختلف ممالک کے ساتھ ملکی ترقی کے معاہدات کرتا ہے تو پاکستان نے کبھی بھی واویلا نہیں مچایا مگر ہمارے اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بھارت خوش نہیں ہے وہ پاکستان کی ترقی کو خوش دلی سے قبول نہیں کرسکتا ۔

اس معاہدے کی بدولت 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین پاکستان میں کرے گا جس سے ملک کی اقتصادی حالت میں بہتری ہوگی ۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ شالیمار کمپنی اپنی بہتر کارکردگی کو برقرار رکھے گا اور بطور وزیر اطلاعات میں نے چارج سنبھالا تو اسی وقت بھی اس کمپنی کا ایک مقام تھا اور اس نے پاکستان کی بہتر نمائندگی کی تھی او ر ایم ڈی اے ٹی وی ناصر جمال صاحب نے ادارے کے مسائل کم کرنے کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائیں ہیں وہ قابل تحسین ہیں او ر ا ُمید ہے کہ ملازمین کی فلاح وبہود کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

اس موقع پر ایم ڈی اے ٹی وی ناصر جمال ، جنرل سیکرٹری سی بی اے اطہر حیات لنگا ، صدر سی بی اے راجہ پرویز اختر نے بھی خطاب کرتے ہوئے ملازمین کے مسائل بارے تفصیل سے آگاہ کیا اور ایم ڈی ناصر جمال نے معاملات حل کرنے کے حوالے اٹھائے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :