بھارت کو پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت کا اندازہ نہیں، ایسا جواب دینگے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا،ترجمان پاک فوج

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 15:45

باغ سر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت کا اندازہ نہیں،ہم ایسا جواب دیں گے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا،کوئی بھول میں نہ رہے، پاکستان کی خاطر جو بھی کرنا پڑاکریں گے،لائن آف کنٹرول پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا ،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا جانی نقصان ہوا لیکن معلوم نہیں کہ بھارت اپنا نقصان کیوں چھپا رہا ہے ۔

وہ ہفتہ کو باغ سر کے مقام پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق صحافیوں کو لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کرایا گیا،دورے کا مقصد ایل او سی پر بھارتی فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو عیاں کرنا تھا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کو بھرپور منہ توڑ جواب دیا گیا۔

ہمیں یقین ہے کہ بھارت کی جانب بہت سی ہلاکتیں ہوئی ہیں،کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا بہت زیادہ نقصان ہوا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا جانی نقصان بھی ہوا لیکن معلوم نہیں کہ بھارت اپنا نقصان کیوں چھپا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا پہلے بھی دفاع کیا ہے اور اب بھی کریں گے ہر جگہ پر بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھول میں نہ رہے۔ پاکستان کی خاطر جو بھی کرنا پڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ چھیڑنا چاہتا ہے مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایسا جواب دے گی کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا،جنگ مسلط گئی تو قوم اور فوج پہلے سے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت کا اندازہ نہیں۔بھارت کی طرف سے سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ مکمل طور پر جھوٹا ہے،صحافیوں کو ایل او سی کے دورے کامقصد بھارتی جھوٹ کو عیاں کرنا ہے۔