اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہوائی اڈوں پر جدید طرز کے اسکینرز نصب کر دیئے

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 14:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بڑے ہوائی اڈوں پر جدید طرز کے اسکینرز نصب کر دیئے ہیں۔ سکیننگ مشینیں بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر نصب کی گئی ہیں، سعودی حکومت کی طرف سے اے این ایف کوبراؤن نامی برطانوی کمپنی کے تیار کردہ سکیننگ آلات بطور عطیہ دےئے گئے ‘ اے این ایف کے بیان کے مطابق ہوائی اڈوں پرنصب کی جانے والی جدید طرز کی یہ سکیننگ مشینیں واک تھرو گیٹ سے مشابہہ ہیں ،جن کی مدد سے انسانی جسم سے چسپاں یا جسم کے اندر موجود منشیات سمیت کسی بھی مواد کی بآسانی شناخت کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ مشین نہایت مفید تصور کی جاتی ہے ، جس کی مدد سے قلیل وقت میں مسافروں کی مکمل تلاشی لی جا سکتی ہے۔ مشین کے استعمال سے نہ تو کسی قسم کے نقصانات کے امکانات ہیں اور نہ ہی یہ مشین مسافروں کیلئے کسی قسم کی جسمانی بے پردگی کا باعث بنیں گی۔ اے این ایف ان نئی مشینوں کے موثر استعمال اوران سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی غرض سے اپنے عملے کوتربیت فراہم کر رہا ہے۔ ان مشینوں کے استعمال کے نتائج کا تجزیہ کرنے کے بعد ملک کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی ان کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر سکیننگ مشینیں بین الاقوامی روانگی کے داخلی مقامات پر نصب کی گئی ہیں جو جلدکام شروع کر دیں گی۔

متعلقہ عنوان :