نریندر مودی ہندوستان کو انجام تک پہنچانے کیلئے آئے ہیں ،عبدالرشید ترابی

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 13:19

باغ / جگلڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی ہندوستان کو انجام تک پہنچانے کے لیے آئے ہیں ، بزدل دشمن نے پاکستان یا آزاد کشمیر پر حملے کی حماقت کی تو کشمیر کو بھارتی افواج کا قبرستان بنائیں گے، پاکستان اور آزاد کشمیر کی قومی قیادت متحد و متفق ہو کر کشمیرکی آزادی کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے ، حلقہ وسطی باغ کو ماڈل حلقہ بنائیں گے ، عدل و انصاف کی بالا دستی ، ظلم و نا انصافی اور کرپشن کے کلچر کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جگلڑی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عثمان انور ، سردار خورشید ، عزیز الله شاہ ، راجہ امتیاز ، راجہ ریاض ، ابرار احمد ، خورشید عالم ، ایوب خان اور فاروق راجہ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں جماعت اسلامی نے اصولوں اور نظریات کی بنیاد پر سیاسی صف بندی کی ، لوٹ مار کے کلچر کے خاتمے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی ، سابقہ حکومت نے تمام ادارے مفلوج کر لیے تھے ، عدالتیں اور پبلک سروس کمیشن جیسے ادارے بھی حکومت کی دستبرد سے محفوظ نہ رہ سکے جس کی وجہ سے نوجوان شدید مایوسی کا شکار ہو چکے تھے، جماعت اسلامی نے امت کے نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر امیدکی کرن روشن کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی ۔

جماعت اسلامی عوامی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔ میں اسمبلی کے اندر عوام کا ترجمان بنوں گا ، ان کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ اور کمپرومائز نہیں کروں گا ، میرٹ کی بنیاد پر کام کروں گا ۔ لوگوں کے حقوق کے لیے ہم نے ہر فورم پر جنگ لڑی ہے ، عوامی عدالت میں بھی لڑی ہے ، اسمبلی کے فورم پر بھی لڑی ہے ، اور عدالتوں کے اندر بھی لڑی ہے تا کہ لوگوں کے حقوق بحال ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ صدر ریاست وزیر اعظم دونوں ایسی شخصیات ہیں جو تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھی کام کر رہی ہیں اور آزاد خطے میں بھی نظام کی اصلاح اچھی حکومت کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی جائے ، یہ نظام با اختیار و باوسائل ہو ۔اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہمارے بھائی اپنی آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ، آٹھ لاکھ قابض ہندوستانی افواج راتوں کو پوری پوری بستیاں گھیر کر آگ و خون کی ہولی کھیل رہے ہیں ۔

ممنوعہ ہتھیار جن میں چھرے دار بندوقیں شامل ہیں ان سے سینکڑوں نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر دیا گیا ہے ، ہزاروں لوگوں کو شدید زخمی کیاگیا ہے، تین ماہ سے زائد عرصے پر محیط مسلسل کرفیو توڑ کر کشمیری آزادی کے نعرے لگا رہے ہیں اور پاکستان کے پرچم بلند کر رہے ہیں ان حالات میں آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا حقیقی کردار ادا کرے۔ حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ، عوامی سطح پر بھی صف بندی کی ضرورت ہے ۔