نیشنل بک فاونڈیشن نے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر جدید طرز کی بک شاپس قائم کر دیں

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 12:43

اسلام آباد ۔ یکم اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) نیشنل بک فاونڈیشن نے پاکستان میں کتب بینی کے فروغ کیلئے ملک کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر جدید طرز کی بک شاپس قائم کر دی ہیں جہاں ہر طرح کی کتب دستیاب ہیں اور کتابوں کی خریداری پر خصوصی رعایت بھی دی جاتی ہے۔ این بی ایف حکام کے مطابق ابتدائی طور پر راولپنڈی ، کراچی، لاہور ، ملتان اور روہڑی ریلوے اسٹیشنوں پر بک شاپس قائم کی گئی ہیں اور مستقبل میں یہ شاپس مزید ریلوے اسٹیشنوں پر بھی قائم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

این بی ایف کتب بینی کے فروغ کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ریلوے اسٹیشنوں ، ایئرپورٹس اور یونیورسٹیوں میں بک شاپس قائم کی جا رہی ہیں جن پر کتاب سے محبت کرنے والوں کیلئے ہر طرح کی کتابیں ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی۔ دریں اثناء نیشنل بک فاؤنڈیشن نے پاکستان ریلوے کے تعاون سے ٹائم اینڈ فیئر ٹیبل ”مسافر“ بھی شائع کیا ہے۔ جس میں ریل گاڑیوں کے ٹائم ٹیبل کے علاوہ دلچسپ کہانیاں ، خوبصورت شاعری ، دلچسپ خبریں,معلومات, اقوال زریں اور طنز و مزاح شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :