ملیحہ لودھی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات

اقوام متحدہ نے پاک بھارت کے مابین ثالثی کی پیشکش کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 1 اکتوبر 2016 12:18

ملیحہ لودھی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر2016ء) : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی، ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور پاک بھارت پر زور دیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن بحال کرنے کی کوشش کریں ۔

بانکی مون نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کا بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث مکمل فعال نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا ۔ دفتر خارجہ کے مطابق جمعہ کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اور ان کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی اور دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

انہوں نے خطے میں امن بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر دکھ ہے ۔ اس موقع پر ملیحہ لودھی نے بانکی مون کو آگاہ کیا کہ بھارت خطے میں امن و سلامتی کے لئے خطرات پیدا کر رہا ہے ۔ بھارت کا سرحد پر سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا ہے ۔ بھارت پاکستان کے خلاف اپنی جارحیت کا بارہا اظہار کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں حالات خراب کرکے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔

مسئلہ کشمیر کی بنیادی وجوہات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ بھارت مسلسل کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار کر رہا ہے اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل بانکی مون سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے میں کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل بانکی مون نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کا بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث مکمل فعال نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :