بھارتی فوج کی ایل او سی پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ،پاک فوج کا کرارا جواب

پاک فوج نے جوابی کارروائی کرکے بھارتی توپیں خاموش کرا دیں ، آئی ایس پی آر

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 12:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء ) بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی توپیں خاموش کرادیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ہفتہ کی صبح 4 بجے ایل او سی پر بھمبھر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا جو 4 گھنٹے تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے باعث بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ۔واضح رہے کہ بھارت نے 3 روز قبل بھی ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 9 زخمی ہو گئے تھے۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا معاملہ نہ صرف اقوام متحدہ میں اٹھایا بلکہ وزیراعظم نواز شریف نے ایل او سی پر بھارتی جارحیت کو عالمی رہنماوٴں کے سامنے بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا ۔