پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی سردار محمد یوسف

یورپ میں مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، ہم متحد ہو کر اغیار کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے خطاب

جمعہ 30 ستمبر 2016 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 ستمبر - 2016ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر شیلنگ کر رہا ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا تاہم اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ملکی دفاع کیلئے سول و عسکری قیادت متحد ہے، یورپ میں مسلمانوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، ہم متحد ہو کر اغیار کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو دو روزہ 39 ویں سالانہ عالمی حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مشاورت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین نے اپنی جان کی قربانی دے کر اسلام کو زندہ رکھا، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے، اس خوف سے وہ اسلام کے خلاف مذموم پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک فکر اپنے اپنے انداز میں حضرت امام حسین کی یاد کو مناتے ہیں، کوئی بھی مسلمان ان کے مرتبہ اور شان کے خلاف نہیں سوچ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہئے، ہمیں اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی، ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے علماء و مشائخ کونسل کا اجلاس محرم الحرام کے بعد ہو گا جس میں مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

علماء و مشائخ کونسل میں تمام مسالک فکر کی نمائندگی موجود ہے، اس کا مقصد امت کو متحد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بڑھکیں مار رہا ہے، وہ اپنے مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے ہمیں دبا نہیں سکتا، بھارت سرجیکل سٹرائیک کے حوالہ سے جھوٹ بول رہا ہے، پاک فوج اور حکومت پاکستان نے بھارت کی سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر موٴثر انداز میں اٹھایا ہے جو کہ بھارت سے ہضم نہیں ہو رہا، بھارت نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر شیلنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز ہمارا قومی کاز ہے، حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف ممالک میں وفود بھیجے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے، برہان وانی کی شہادت سے لے کر اب تک مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ملک کا بچہ بچہ مادر وطن کا دفاع کرے گا، اس حوالہ سے سیاسی و عسکری قیادت کا موٴقف یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ جذبہ شہادت حسین سے ملا ہے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اغیار کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اس موقع پر امام حسین کونسل کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران امام حسین کانفرنس منعقد کی جانی چاہئے جس میں تمام مسالک کے علماء کرام کو خطاب کی دعوت ملنی چاہئے۔ چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفری مہدی نے حسینیہ کانفرنس کی صدارت کی۔

متعلقہ عنوان :