وزیراعلیٰ کی فیصل آباد آمد،شہید لانس نائیک کی قبر پر گئے ،پھولوں کی چادر چڑھائی

انتشار کا سبق دینے والے شہیدوں کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں،شہباز شریف ملک نازک دور سے گزر رہا ہے لہذا پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتوں کو قومی یکجہتی کا مضبوط مظاہرہ کرنا چاہیئے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 30 ستمبر 2016 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 ستمبر - 2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے لہذا پاکستان کے عوام اور سیاسی جماعتوں کو قومی یکجہتی کا مضبوط مظاہرہ کرنا چاہیئے۔انتشار کا سبق دینے والے شہیدوں کے خون سے بے وفائی کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز آزاد کشمیر بھمبر میں بھارتی بربریت کا شکار ہونے والے شہید لانس نائیک امتیاز احمد کی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب آج مختصر دورے پر فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے لانس نائیک شہید امتیاز احمد کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور بعد ازاں شہید کے گھر محلہ ہجویری ٹاؤن گئے جہاں انہوں نے شہید کے والد ریٹائرڈ سکول ماسٹر محمد اقبال تبسم، شہید کی اہلیہ ، ان کی کمسن بچیوں اور بہن بھائیوں سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور ہر کشمیری کے دل میں آزادی کی تڑپ زندہ رہے گی اور انشاء اللہ ایک دن کشمیر آزاد ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے محلہ میں پرائمری سکول کو اپگریڈ کا درجہ دیتے ہوئے اسے شہید امتیاز احمد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت شہید لانس نائیک امتیا احمد کے اہل خانہ اور ان کے بچوں کی کفالت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، کمشنر فیصل آباد محمد علی آغا، ڈی سی او سلیمان غنی اور ممبران اسمبلی بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے بھی شہید لانس نائیک امتیاز احمد کی آخری آرامگاہ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور شہید کے والد اور اہل خانہ سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے آن لائن کو بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام صف متحدہ ہیں اور دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے دو فوجی جوانوں کو شہید اور نو کو زخمی کیا جس پر پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مسلح افواج اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والے رینجرز سمیت پاکستان کی فضائیہ اور بحریہ دشمن کو ایسا سبق سکھائے گی کہ آئندہ اس کی نسلئیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور بھارت اس پر مسلط ہو کر بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے مگر مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں نے جو جدوجہد جاری کر رکھی ہے وہ کبھی بھی رائیگاں نہیں جائے گی اور شہیدوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف مسلسل دفاعی اداروں سے رابطہ میں ہیں اگر آئندہ بھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :