Live Updates

پاکستان کو دہشتگردوں کو مدد فراہم کرنے والا ملک قرار دینے کیلئے جمع بل سے متعلق تحریک التواء کی منظوری کا معاملہ نمٹا دیاگیا

تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی تحریک التواء کی منظوری کے تعین کا معاملہ موخر

جمعہ 30 ستمبر 2016 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء) سینیٹ میں امریکی کانگریس کے ارکان کی طرف سے پاکستان کو دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے والا ملک قرار دینے کیلئے جمع کرائے جانے والے بل سے متعلق تحریک التواء کی منظوری کا معاملہ نمٹا دیا گیا۔ جمعہ کو سینیٹر چوہدری تنویر خان کی تحریک التواء کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا لیکن چیئرمین نے محرک کو ہدایت کی کہ یہ معاملہ تحریک التواء کے ضابطے میں نہیں آتا وہ اس پر توجہ دلاؤ نوٹس لے کر آئیں جس کے بعد انہوں نے یہ معاملہ نمٹا دیا۔

اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے حوالے سے تحریک التواء کو خلاف ضابطہ قرار دے کر نمٹا دیا۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ کی تحریک التواء کی منظوری کے تعین کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا جس پر انہوں نے دلائل دیئے۔

(جاری ہے)

قائد ایوان نے اس تحریک کی مخالفت کی۔ چیئرمین نے کہا کہ پہلے بھی کئی بار اس معاملے پر ایوان میں بحث ہو چکی ہے جس کے بعد انہوں نے تحریک التواء کا معاملہ نمٹا دیا۔

اجلاس کے دور ان سینیٹ میں تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی تحریک التواء کی منظوری کے تعین کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔اجلاس میں نندی پور پاور پلانٹ میں تیل کے ریکارڈ کی آتشزدگی سے متعلق تحریک التواء کی منظوری کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل تھا لیکن محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسے موخر کر دیا گیا۔اجلاس کے دور ان سینٹ میں ڈپٹی کمشنر گوادر کی طرف سے سینیٹر طلحہ محمود کے ساتھ غیر مناسب رویئے سے متعلق تحریک استحقاق سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔

قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کے چیئرمین سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔سینٹ میں سندھ کے بعض دیہات کو بجلی کی فراہمی کی سکیموں کی عدم تکمیل سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس موخر کر دیا گیا۔ اجلاس کے دور ان سینیٹر سسی پلیجو کا اس معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل تھا لیکن محرک کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسے موخر کر دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات