درد سے بچاو کی ادویات کے استعمال سے دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 30 ستمبر 2016 16:35

درد سے بچاو کی ادویات کے استعمال سے دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ماہرین

لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 ستمبر۔2016ء) درد سے بچاو کی ادویات کے استعمال سے دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ برٹش میڈیکل جرنل کی جانب سے کی جانے والی اس تحقیق میں ایسے دس لاکھ عمر رسیدہ لوگوں کی صحت کا جائزہ لیا گیا جو دردکش ادویات کا استعمال کرتے رہے ہیں۔اس تحقیق کے لیے برطانیہ، ہالینڈ، اٹلی اور جرمنی کے شہریوں کا انتخاب کیا گیا اور ان شہریوں کا موزانہ ان لوگوں سے کیا گیا جو دردکش ادویات کا استعمال نہیں کرتے ہیں۔

اٹلی کی یورنیورسٹی 'میلانو بیکوکا' سے وابستہ محققین کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ اینٹی فلیمیٹری ادویات کا استعمال کرتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ 19 فیصد بڑھ جاتا ہے۔برطانیہ کے ماہرینِ صحت کے بقول اس تحقیق میں عمر رسیدہ لوگوں کی صحت کے بارے میں تحقیق کی گئی ہے اس لیے 65 سال سے کم عمر کے لوگ اس تحقیق سے متاثر نہیں ہوتے تاہم عمر رسیدہ لوگوں کے لیے یہ تحقیق باعثِ تشویش ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر برطانیہ میں امراضِ قلب کے رفاہی ادارے 'برٹش ہارٹ فاونڈیشن' کے مطابق مریضوں کو ان ادویات کا کم سے کم استعمال کرنا چاہیے۔برٹش ہارٹ فاونڈیشن کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر پیٹر ویزبرگ کا کہنا ہے کہ کافی برسوں سے یہ بات عیاں ہے کہ ایسے افراد جن میں دل کی بیماری ہونے کا خطرہ ہو انھیں ان ادویات کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہیے۔پروفیسر ویزبرگ کے مطابق ان ادویات سے وہی لوگ متاثر ہوتے ہیں جو ان کا زیادہ استعمال کرتے ہیں جبکہ کبھی کبھار کا استعمال نقصان دہ نہیں ہے۔