Live Updates

زعیم قادری کی پریس کانفرنس خود (ن)لیگ کی حکومتوں کیخلاف چارج شیٹ ہے‘ تحریک انصاف

جمعہ 30 ستمبر 2016 16:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ زعیم قادری کی پریس کانفرنس خود (ن)لیگ کی حکومتوں کیخلاف چارج شیٹ ہے،ڈاکٹر طاہر القادری نے فتنہ و فساد کی (ن) لیگی سازش کے باعث رائیونڈ مارچ کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ، افواج پاکستان کے ساتھ سرحدیں جبکہ عوام کے ساتھ ملکر پاکستان کو اندرونی طور پر مستحکم اور مضبوط بنائیں گے۔

ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سید صمصام بخاری نے کہا کہ زعیم قادری کی پریس کانفرنس خود نون لیگ کی حکومتوں کیخلاف چارج شیٹ ہے۔تحریک انصاف بھارت کیخلاف وہ کرے گی جو نواز شریف اور انکی حکومت کرنے میں ناکام رہی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں بھارت کے یار شکنجے میں آئیں گے تو سرحدوں پر بھی اسے شرانگیزی کی جرات نہیں ہوگی۔

روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ (ن)لیگ کا اقتدار ہر لحاظ سے پاکستان کیلئے خطرناک اور تباہ کن ہے۔دنیا میں کبھی حکومتیں عوام سے نہیں کہتیں کہ آپ خطرے میں ہیں اور ہم آپ کا تحفظ نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے فتنہ و فساد کی (ن)لیگی سازش کے باعث رائیونڈ مارچ کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ۔پانامہ لیکس کے بعد ممکن نہیں کہ چوروں کے ٹولے کو مزید مہلت دی جائے۔ افواج پاکستان کے ساتھ سرحدیں جبکہ عوام کے ساتھ ملکر پاکستان کو اندرونی طور پر مستحکم اور مضبوط بنائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات