وزیراعظم نے اوگرا کی سمری مستردکردی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کا فیصلہ

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے چارپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی ،خسارہ وزارت خزانہ برداشت کرے گی،اسحاق ڈار

جمعہ 30 ستمبر 2016 16:27

اسلام آبادد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے اوگرا کی سمری مستردکرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھنے کا فیصلہ کیا ہے،آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے چارپٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی ،وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ اوگرا کی طرف سے پانچ میں سے چار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی یہ سمری وزیراعظم کو پیش کی گئی جنہوں نے اوگرا کی سمری مستردکردی ہے،اسحاق ڈارنے بتایا کہ وزیراعظم نے اکتوبر کے مہینے کے لیے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے اورآئندہ ماہ مٹی کے تیل ،پٹرول،ہائی اوکٹین ،لائٹ ڈیزل اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقراررہیں گی،حکومت نے چارپٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں اضافے اورایک کی قیمت میں چند پیسوں کی کمی کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا اورقیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے آئندہ ماہ موجود قیمتیں ہی برقراررکھنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافہ نا کرنے سے ہونے والا خسارہ وزارت خزانہ برداشت کرے گی۔