رائیونڈ مارچ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ، 7ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے

جمعہ 30 ستمبر 2016 16:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء ) لاہور پولیس کی طرف سے تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ، 7ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے ، اڈہ پلاٹ پر اسٹیج اور پنڈال کی وقفے وقفے سے سویپنگ کی جاتی رہی، وزیر اعظم کی رہائش گاہ جاتی امراء جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف ،سی ٹی اوطیب حفیظ چیمہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کی سکیورٹی ٹیم وقفے وقفے سیسکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کے لئے دورے کرتی رہی ۔

تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جس کے تحت 7ہزار سے پو لیس افسران و اہلکاران تعینات کیے گئے تھے جن میں 8ایس پیز ، 13ڈی ایس پیز ، 54ایس ایچ اوزاور120خواتین اہلکار بھی شامل تھیں ۔

(جاری ہے)

صبح سے ہی مختلف راستوں کو بیرئیرز اورکنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ پنڈال سے ملحقہ چھوٹی گلیوں اور راستوں کو خار تاریں لگا کر مکمل بند کر کے وہاں سکیورٹی تعینات رکھی گئی ۔

جلسے میں داخلے کے لئے 3راستے بنائے گئے ، تمام شہریوں کو میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھروگیٹس سے گزارا گیا اور مکمل تلاشی لینے کے بعد جلسہ گاہ میں داخلے کی اجازت دی گئی ، جلسہ گاہ کی جانب جانے والے تمام راستے خاردار اور بیرئرز لگاکر بند کر دئیے گئے تھے اور مقررہ راستوں کے بغیرکہیں سے بھی داخلے کی اجازت نہ تھی ، جلسہ گاہ میں عام عوام سمیت کسی پو لیس افسر کو بھی اسلحہ رکھنے کی اجازت نہ تھی ، جلسہ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی گئی ۔

پولیس ، سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار سراغ رساں کتوں اور دیگر آلات کے ذریعے اسٹیج اور پنڈال کی وقفے وقفے سے تلاشی لیتے رہے اور جلسے کے آغاز سے قبل کلیئرنس دے کر پی ٹی آئی کی قیادت کو اس سے آگاہ کیا گیا۔سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، سی ٹی او لاہور طیب حفیظ چیمہ سمیت دیگر پولیس افسران وقفے وقفے سے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کے لئے دورے کرتے رہے ۔

جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب کی سکیورٹی مانیٹرنگ ٹیم نے بھی اڈا پلاٹ کادورہ کیا ،سکیورٹی ٹیم نے جلسہ گاہ ، پنڈال اور پارکنگ کی سکیورٹی چیک کی ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی سکیورٹی ٹیم میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، کاؤنٹرٹیرراز م ، سپیشل برانچ ، آئی بھی اور پو لیس افسران بھی شامل تھے ۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزیر اعظم محمد نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا اور سکیورٹی کی بھاری نفری بھی تعینات رہی ۔

متعلقہ عنوان :