وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مختصر ہنگامی دورہ پر فیصل آباد آمد‘

بھارتی جارحیت کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج کے جوان نائیک امتیاز احمد کی رہائشگاہ پر اسکے پسماندگان سے اظہار تعزیت‘قبرستان جاکر آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی ایک ایک شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا‘ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہے‘ بھارت نے اگر سرجیکل سٹرائیکس کی غلطی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا،وزیر اعلی

جمعہ 30 ستمبر 2016 15:30

فیصل آباد۔30ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جمعہ کی دوپہر مختصر ہنگامی دورہ پر فیصل۱ٓباد پہنچے جہاں انہوں نے جمعرات کے روز لائن ۱ٓف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور جارحیت کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کرنیوالے پاک فوج کے جوان نائیک امتیاز احمد کی رہائشگاہ گلی نمبر 1 جی بلاک ہجویری ٹاؤن پر جاکر اسکے والد محترم ماسٹر محمد اقبال و دیگر پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور ہجویری ٹاؤن کے خاکی شاہ قبرستان جاکرشہید کی آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی کی اورپھولوں کی چادر بھی چڑھائی،وزیر اعلی شہباز شریف نے شہید امتیاز احمد کے بھائیوں‘ بہنوں‘بیوہ اور تین معصوم بیٹیوں سے ملاقات کے دوران شہید کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر‘ سرمایہ افتخاراور ملک و قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا، وزیر اعلی نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے اسلئے ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ہر جوان کی شہادت ہمارے حوصلوں کو مزید بلند کر رہی ہے جبکہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،انہوں نے کہا کہ ایک ایک شہید کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہے اسلئے اگر بھارت نے سرجیکل سٹرائیکس کی غلطی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا،انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا،اس موقع پر اعلیٰ انتظامی حکام‘ارکان اسمبلی اور بڑی تعداد میں دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں،قبل ازیں جمعہ کی صبح شہید امتیاز احمد کی روح کو ایصال ثواب کیلئے رسم قل و قر۱ٓن خوانی انکی رہائشگاہ گلی نمبر 1 جی بلاک ہجویری ٹاؤن فیصل۱ٓباد پر ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شہیدامتیاز احمد سمیت دیگر شہداء کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔