بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ اپنے عوام کو مطمئن کرنے کے لئے کیا،حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، وزرائے اعلیٰ اور قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے

ریاستوں و سرحدوں کے وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا قومی اسمبلی میں پالیسی بیان

جمعہ 30 ستمبر 2016 15:15

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) ریاستوں و سرحدوں کے وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر سرجیکل سٹرائیک نہیں کی نہ وہ اس کی جرات کر سکتا ہے۔ لائن آف کنٹرول کے ایک انچ کی بھی خلاف ورزی نہیں ہوئی، صرف فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

ہمیں پاک فوج کے ہر جوان اور افسر پر فخر ہے، بھارت ہمیں اکسا رہا ہے، سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ انہوں نے اس لئے کیا ہے کیونکہ وہ اپنے عوام کو مطمئن کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف ایسا قدم اٹھانا کوئی آسان بات نہیں، اگر کوئی ایسا موقع آیا تو پاکستان کا بچہ بچہ اس ملک کا دفاع کرے گا اور پاک فوج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ارکان کی تقاریر سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ حکومت ملک کے موجودہ حالات سے بے خبر ہے جو درست نہیں ہے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا ہے۔ وزرائے اعلیٰ اور قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیک کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ جب دشمن کی افواج بارڈر کراس کر کے آ کر کارروائی کرتی ہیں۔ بھارت نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ انہوں نے سات مقامات پر سرجیکل سٹرائیک کی ہیں، یہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی سرحدوں کے اندر سے فائرنگ کی ہے۔

اس ایوان کو یقین دلاتا ہوں کہ ہماری افواج کو جو تجربہ حاصل ہے بھارتی افواج اس کا تصور نہیں کر سکتے۔ بھارت نے صرف اپنے عوام کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ انہوں نے سرجیکل آپریشن کیا ہے، ان کا یہ دعویٰ بالکل غلط اور حقائق کے برعکس ہے۔ لائن آف کنٹرول کی ایک انچ کی بھی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ بھارت ہمیں اکسا رہا ہے، ہمارے دو جوانوں کی شہادت ہوئی ہے، ہمیں پاک فوج کے ہر جوان اور افسر پر فخر ہے، یہ کوئی آسان بات نہیں ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو پاکستان کا بچہ بچہ اس ملک کا دفاع کرے گا اور پاک فوج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔