پاک‘چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا‘ حکومت نے دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں،پا ک چین سفارتی تعلقات کی 65ویں سالگرہ کے موقع کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے زعیم قادری ودیگر کا خطاب

جمعہ 30 ستمبر 2016 15:14

لاہور۔30ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں خوشحالی و استحکام کا باعث بنے گا اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی ، علاقائی وثقافتی تعلقات کو بھر پور فروغ حاصل ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے پنجاب جیانگ سو کلچرل سنٹر حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ”پاک چین تعلقات،دو تہذیبوں کی داستان “ کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار سے کرتے ہوئے کیا ۔

ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے سیاسی تعلقات کو سی پیک معاہدے کے بعد ایک نئی جہت حاصل ہو ئی ہے کیونکہ یہ منصوبہ برادر چینی ملک کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے شاندار تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کو ہمیشہ معاشی ،دفاعی و تکنیکی معاونت فراہم کی ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریبی سٹریٹجیک پارٹنر تصور کئے جاتے ہیں ۔

ڈین آف سوشل سائنسز لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر سجاد نسیم اور یونیورسٹی ساؤتھ ایشیا کے شعبہ ماس کمیونیکشن کے سربراہ پروفیسر فیصل ذ والقرنین نے کہا کہ چین نے ہر بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے ناصرف دو طرفہ سیاسی تعلقات مزید مضبوط ہو ں گے بلکہ پاکستان میں معاشی و صنعتی انقلاب برپا ہو گا ،روز گار کے وسیع مواقع پید اہو نگے اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا ۔

پاک چین تعلقات کے ادب اور ثقافت پر اثرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہو ئے کرتے ہوئے معروف کلچر ل رائٹر ومصورہ سلیمہ ہاشمی ،ڈرامہ رائٹر اصغر ندیم سید اور ڈائریکٹر پروڈیوسر عثمان پیرزادہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی ثقافت کے فروغ کے لیے اگرچہ ہر دورمیں جد وجہد کی جاتی رہی ہے تاہم مو جو دہ حکومت نے پاک چین ثقافتی تعلقات کے فروغ کے لیے دوررس اقدامات کئے اور پاکستان کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو چینی زبان سیکھنے کے لیے حکومتی خرچ پر چین بھجوایا جارہا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ چینی ثقافت کے پاکستان پر گہرے اثرات ہیں-انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی و تجارتی روابط مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ عوامی روابط بھی مضبوط کئے جائیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی روایات اور ثقافت سے بہتر طور پر آگاہ ہو سکیں-تیسرے سیشن میں معروف ٹی وی اداکار عدیل ہاشمی ، فلم پروڈیوسر ز شہزاد رفیق اور ناصر خان، رائٹر کنول کھوسٹ نے پاک چین تعلقات میں آرٹ اور کلچر کو ٹی وی ڈراموں ،فلمز اور میوزک کے ذریعے فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ دور میں فلموں اور میڈیا کے پلیٹ فارم کو پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے بہتر طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے-