دفاع وطن کیلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،, مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری اندھا دھند بربریت اورجارحیت ناقابل قبول ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 30 ستمبر 2016 15:00

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دو ٹوک طور پر کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،, مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری اندھا دھند بربریت اورجارحیت ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی توانائیاں عوام کی فلاح وبہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اورعوامی ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرنا ہمارا عزم ہے جس کیلئے ہم سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان مقاصد کے لئے امن چاہتے ہیں لیکن میں یہ بھی واضح کردوں کہ دفاع وطن کیلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے ، پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کسی کو پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری اندھا دھند بربریت اورجارحیت ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری نے کابینہ کو بریفنگ دی۔