Live Updates

مودی کا جنگی جنون خطہ کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، عمران خان کے کھیل میں جب تک گیارہ کھلاڑی نہیں ہوں گے نتیجہ سامنے نہیں آئے گا

سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 30 ستمبر 2016 14:59

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا جنگی جنون خطہ کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، مودی پاگل و ذہنی بیمار ہے، ایسے شخص کو ملک کا سربراہ نہیں ہونا چاہئے، عمران خان کے کھیل میں جب تک گیارہ کھلاڑی نہیں ہوں گے نتیجہ سامنے نہیں آئے گا۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم خطہ کی امن و سلامتی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ان کے ذہن پر جنگی جنون سوار ہے، ہمیں ہر لحاظ سے دشمن کے مقابلہ کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ اگر مودی کی طرف سے جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی تو بھرپور جواب ملے گا۔ عوام مسلح افواج کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی پاگل و ذہنی طورپر بیمار شخص ہے اس حوالے سے میں کئی مرتبہ بھارتی لوک سبھا کے ممبران کو کہہ چکا ہوں کہ اس شخص کا ذہنی چیک اپ کرایا جائے ایسے شخص کو ملک کا سربراہ نہیں ہونا چاہئے جس کے ذہن میں جنون انتہا پسندی اور دہشت گردی سوار ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے عمران خان کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ ان کے کھیل میں جب تک گیارہ کھلاڑی پورے نہیں ہوں گے تو کھیل کا نتیجہ کیسے آئے گا۔ عمران خان کو کھیل کیلئے گیارہ کھلاڑی پورے کر کے کھیل شروع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ضروری نہیں کہ پاکستان پپلز پارٹی ہر بار ان کے احتجاج میں شرکت کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات