فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام درست فیصلہ نہیں ہوگا، قبائلی علاقوں میں ترقی کا عمل متاثر ، سینیٹ کی نشستیں ختم ہو جائیں گی

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 30 ستمبر 2016 14:56

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام درست فیصلہ نہیں ہوگا، اس سے قبائلی علاقوں میں ترقی کا عمل متاثر ہوگا اور ہماری سینیٹ کی نشستیں ختم ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں مولانا جمال الدین نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ فاٹا اصلاحات قبائلی علاقوں کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری کی حیثیت رکھتی ہے۔

قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ فاٹا پر توجہ دی جا رہی ہے جس کے لئے حکومت کے شکر گذار ہیں۔ کمیٹی کی سفارشات فاٹا کے حوالے سے کارآمد ہیں تاہم اس بات سے ہم اتفاق نہیں کرتے کہ فاٹا کے عوام مکمل طور پر صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام چاہتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ فاٹا کی موجودہ حیثیت برقرار رکھی جائے۔ کے پی کے میں انضمام سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام سے ہماری سینیٹ کی نشستیں ختم ہو جائیں گی۔