پاکستانی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،وزیراعظم

جمعہ 30 ستمبر 2016 14:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 ستمبر۔2016ء ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے،کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے،واضح کردینا چاہتے ہیں کہ دفاع وطن کیلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے،امن کیلئے ہمارے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ایل او سی پر کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کے جواب میں تمام ضروری اقدام کریں گے،مقبوضہ کشمیر میں جاری اندھا دھند بربریت اور جارحیت نہ قابل قبول ہے،بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبے کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتے۔

جمعہ کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے،کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے،واضح کردینا چاہتے ہیں کہ دفاع وطن کیلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی تمام توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں،غربت،بے روزگاری کا خاتمہ،عوامی ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنا ہمارا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے ہم سرگرم ہیں اور انہی مقاصد کے حصول کیلئے ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں،مادر وطن کے تحفظ کیلئے پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے،بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری اندھا دھند بربریت اور جارحیت نہ قابل قبول ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی جارحیت علاقائی سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ امن کیلئے ہمارے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے،ایل او سی پر کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کے جواب میں تمام ضروری اقدام کریں گے،پاکستان عوام اور قیادت بھارتی جارحانہ عزائم کے مقابلے کیلئے متحد ہے۔وفاقی کابینہ نے بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی،بھارتی فائرنگ دوطرفہ معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے والے بہادر جوانوں کی تعریف کی گئی اور شہید ہونے والے دو فوجی اہلکاروں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی،کابینہ کا شہید اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی،کابینہ کی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل قتل و غارت اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔

بھارتی بربریت سے شہید ہونیوالوں میں خواتین،بچے اور بوڑھے سبھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :