پاک بھارت کشیدگی ، سینما انتظامیہ کا بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا اعلان

پاک فو ج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ، گاہکوں کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے،سینماانتظامیہ

جمعہ 30 ستمبر 2016 14:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 ستمبر۔2016ء ) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں واقع سینما کی انتظامیہ نے تمام بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔سپر سینما کا فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں کہنا تھا کہ ’سپر سینما کی انتظامیہ اعلان کرتی ہے کہ وہ تمام بھارتی فلموں کی نمائش پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ باقی تمام سینما گھر بھی اسے فالو کرتے ہوئے فلموں پر پابندی لگائیں گے، ہم ٹی وی چینلز اور کیبل نیٹ ورکس سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ تمام بھارتی مواد کی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔

دوسری جانب کراچی کے نیوپلیکس سینما نے بھی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے گاہکوں کو اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ انتظامیہ نے اپنے سینما میں بالی وڈ فلموں پر پابندی لگادی ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں سینما انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیوپلیکس کی انتظامیہ نے فوری طور پر تمام بھارتی فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ،ہم اپنے گاہکوں کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے‘۔

اس سینما میں اس وقت پاکستانی فلموں ’جانان‘، ’ایکٹر ان لا‘، ’مالک‘ اور ’زندگی کتنی حسین ہے‘ کی نمائش جاری ہے، ساتھ ہی یہاں ہولی وڈ فلمیں ’سلی‘، ’سٹارکس‘ اور ’دی میگنیفیسنٹ سیون‘ بھی پیش کی جارہی ہیں۔بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’پنک‘ کی نمائش بھی روک دی گئی ۔ کراچی کے ایٹریم سینما نے اب تک بھارتی فلموں پر پابندی کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تاہم اس کی ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ انتظامیہ نے بالی وڈ فلموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ۔

واضح رہے کہ انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) نے پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر بولی وڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد پاکستانی سینما گھروں نے بھی بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگادی ۔

متعلقہ عنوان :