پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران کا اجلاس ، مارچ اور جلسے کیلئے ترتیب دی گئی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا گیا

عمران خان کی صحافیوں سے جلسہ پلس کے حوالے سے گفتگو کے تناظر میں بھی حکمت عملی طے کی گئی‘ ذرائع

جمعہ 30 ستمبر 2016 13:13

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء) پنجاب پولیس کے اعلیٰ افسران نے جمعہ کی صبح اجلاس کر کے پی ٹی آئی کے رائیونڈ کی طرف مارچ اور جلسے کیلئے ترتیب دی گئی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا ،عمران خان کی صحافیوں سے جلسہ پلس کے حوالے سے گفتگو کے بعد آئندہ کیلئے پیشگی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ افسران کے اجلاس میں رائیونڈ مارچ اور جلسے کیلئے ڈیوٹی پر تعینات ذمہ داران کو ہدایات دی گئیں کہ کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہا جائے ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کے تناظر میں طے کئے گئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ ذمہ داران کو مزید کہا گیا کہ اہلکاروں کو ہر ممکن صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تاکید کی جائے ۔ تحریک انصاف کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا جائے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کی پابندی کی یاددہانی کرائی جائے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیا گیا ۔عمران خان کی صحافیوں سے جلسہ پلس کے حوالے سے گفتگو کے تناظر میں بھی آئندہ کی پیشگی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :