گورنر پنجاب نے یونیورسٹی آف ساہیوال کے لئے چانسلر ز کمیٹی کی منظوری دیدی

جمعہ 30 ستمبر 2016 12:57

چیچہ وطنی۔30ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے یونیورسٹی آف ساہیوال کے لئے چانسلر ز کمیٹی کی منظوری دیدی ہے جو سنڈیکیٹ کی تشکیل تک یونیورسٹی کے معاملات کی نگرانی کرے گی -محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق چانسلرز کمیٹی ایک سال کے لئے قائم کی گئی ہے جس سے یونیورسٹی کے فنگشنل ہونے کا ایک اور اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے -یہ بات یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے ایک خصوصی ملاقات میں بتائی -انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن رانا مشہود احمد چانسلر زکمیٹی کے چیئر پرسن ہونگے جبکہ یونیورسٹی آف ساہیوال اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے وائس چانسلرز ،صوبائی محکموں فنانس ،ہائر ایجوکیشن اور قانون کے سیکرٹریز ،ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور پنجاب کے چیئر پرسنز اور شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن ساہیوال یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر معید احمد کمیٹی کے سرکاری ارکان ہونگے جبکہ ایکٹ کے مطابق دوممبران صوبائی اسمبلی صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران اور ثمینہ نور کو نامزد کیا گیا ہے -وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے مزید بتایا کہ چار غیر سرکاری ارکان میں سابق وفاتی سیکرٹری مظہر علی خان ،شیخ محمد یونس ،چوہدری صفدر رشید اور پروفیسر نیلم شعیب کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے -انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یونیورسٹی ساہیوا ل کے قیام سے مقامی طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم ملے گی جس سے علاقے کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ بے روز گاری میں بھی کمی آئے گی -

متعلقہ عنوان :