محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پرسوں ہو گا

جمعہ 30 ستمبر 2016 12:55

فیصل آباد۔30ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) نئے اسلامی سال 1438ھ اور محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2اکتوبر بروز زاتوار بمطابق 29ذی الحج کی شام طلب کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت کراچی میں منعقد ہو گا جبکہ ذونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس وقت مقررہ پر ان کے مقررہ مقامات پر منعقد ہوں گے جن میں نئے اسلامی سال اور محرم الحرام کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب مختلف مذہبی تہواروں اور اسلامی ایام کے بارے میں سو فیصد درست پیشگوئیاں کرنے والے ملک کے ممتاز ماہر فلکیات ، علم الاعد اد ، قمر شناس پروفیسر محمدحمزہ نعیم پرنسپل (ر) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج نے پیشگوئی کی ہے کہ نئے اسلامی سال اور محرم الحرام 1438ھ کا چاند 2اکتوبر بروز اتوار بمطابق 29ذی الحج 1437ھ کی شام نظر آئے گا جبکہ یکم محرم الحرام 1438ھ پیر 3اکتوبر کو ہو گی نیز یوم عاشور 10محرم الحرام بروز بدھ بمطابق 12اکتوبر کو ہو گا۔