92 سے 95 آر او این پٹرول کی درآمد نومبر سے شروع ہو جائے گی، یورو II ڈیزل کا استعمال بھی آئندہ سال جنوری سے موثر ہوگا،وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل

جمعہ 30 ستمبر 2016 12:09

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 ستمبر۔2016ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان تیل کی ملکی پیداوار سے اپنی 20 سے 25 فیصد ضرورت پوری کرتا ہے، 75 فیصد تیل درآمد کیا جاتا ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر نزہت صادق، بابر اعوان اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیزل اور پٹرول ایندھن کے دو بنیادی ذرائع ہیں جو پورے ملک میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایندھن کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت پاکستان میں 87 آر او این پٹرول استعمال ہو رہا ہے۔ یہ پٹرول افریقی ممالک میں بھی استعمال ہوتا ہے لیکن ہم نے اب 92 سے 95 آر او این پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نومبر سے اس کی درآمد شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 75 فیصد ڈیزل کی درآمد کا انتظام پی ایس او کویت کے ساتھ طویل المدت معاہدے کے تحت کر رہی ہے۔ یورو II ڈیزل کا استعمال بھی آئندہ سال جنوری سے موثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دو مقامی ریفائنریاں یورو II ڈیزل پیدا کر رہی ہیں جبکہ دیگر ریفائنریوں کو یورو II ڈیزل پیدا کرنے کے لئے آئندہ سال جون کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :