Live Updates

آج بھی دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے ، عمران خان کو تحریری خط پیش کر دیا ہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت

حکومت کی توجہ ایل او سی اور ملکی سالمیت پر ہے، عمران‌ خان حکومت اور اداروں‌کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، سرکس کے تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے انتظامات کر دئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 30 ستمبر 2016 11:38

آج بھی دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے ، عمران خان کو تحریری خط پیش کر دیا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30ستمبر 2016ء) : ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج کے شہید جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔قوم بھارتی شر انگیزی پر مغموم اور پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا عزم ہے کہ بھارت کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف شہید فوجی اہلکار کی نما زجنازہ میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔

حکومت کی تمام تر توجہ ایل او سی اور ملکی سالمیت کے معاملے پر ہے اور عمران خان حکومت اور اداروں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی فلم چلا کر قوم کی توجہ بھی دوسری جانب موڑنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

خان صاحب کےسیاسی ڈرامے میں شیخ رشید کے ریچھ ڈانس سے زیادہ کیا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکس کے تحفظ اور سہولتیں مہیا کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے انتظامات کیے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد ملک دشمن عناصر دہشتگردی پھیلانا چاہتے ہیں۔ آج بھی دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں۔ سکیورٹی خدشات تحریر طور پر عمران خان کو پیش کر دئے ہیں۔ را اور این ڈی ایس پاکستان میں دہشتگردی پھیلانا چاہ رہی ہے۔ جلسے کی حفاظت کے لیے سات ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

دو سو سے زائد پولیس کی گاڑیاں سکیورٹی کے لیے مختص ہیں۔ تین حصاروں کی سکیورٹی جلسے کو دی جائے گی۔ جیمرز ، سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ فیصد بچے آج اسکولوں میں نہیں گئے ، قوم عمران خان سے سخت نالاں ہو چکی ہے، اسلام آباد کے دھرنے نے معیشت کو ساڑھے پانچ ارب روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔انہوں نے کہا کہ سیاست تو ہوتی رہے گی لیکن ہمیں معروضی حالات میں ملک کی حفاظت کر نی ہے۔

ایسے موقع پر سیاست چمکانا عمران خان کے لیے زہر قاتل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آج عمران خان کے رائے ونڈ مارچ کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ دس ارب روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نعروں کی قلعی کے پی کے میں احتساب کے نظام نے کھول دی ہے۔ آئیں مل کر دھرنا دیں، بارڈر پر چلیں اور بھارت کو پیغام دیں کہ قوم یکسو ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :