امریکہ کا بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو تسلیم کرنے سے گریز

جمعہ 30 ستمبر 2016 11:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 ستمبر۔2016ء ) امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو تسلیم کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے لئے دونوں ممالک سے رابطے میں ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کشیدگی ختم کرنے کے لئے دونوں ممالک سے رابطے میں ہیں جب کہ دونوں ممالک کی افواج بھی آپس میں رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تمام شراکت داروں سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور بھارتی وزیردفاع میں27 ستمبر کو رابطہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

جان کربی کا کہنا تھا کہ جان کیری نے بھارت کوخبردارکیاتھاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ کیاجائے۔لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

خطے کودہشتگردی سے لا حق خطرے پرتشویش ہے۔ دہشتگرد گروہوں کیخلاف کارروائی پرزوردیتے رہیں گے اور انھی خطرات پر ہماری مستقل توجہ مرکوزہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کی اپیل کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں اور اقوام متحدہ کا ملٹری آبزرور گروپ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے آگاہ ہے۔

متعلقہ عنوان :