Live Updates

رائے ونڈ مارچ کے دوران ایک پیغام وزیراعظم نواز شریف اور دوسرا ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے لیے ہو گا۔عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 29 ستمبر 2016 16:55

رائے ونڈ مارچ کے دوران ایک پیغام وزیراعظم نواز شریف اور دوسرا ہندوستانی ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 30 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کے دوران ایک پیغام وزیراعظم نواز شریف اور دوسرا ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے لیے ہو گا۔لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوانوں کی شہادت کے واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ رائے ونڈ مارچ کے دوران نریندر مودی کو ایسا جواب دیا جائے گا جو ابھی تک وزیراعظم نواز شریف بھی نہیں دے سکے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم نواز شریف کی تقریر کے بعد ہندوستانی وزیراعظم نے بیان دے کر یہ تاثر دیا کہ وہ بیان نواز شریف نے خود سے نہیں بلکہ جنرل راحیل شریف کے دباو¿ پر دیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ پورا پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے اور ہندوستان کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے انگلیاں اٹھا رہا ہے۔ عمران خا ن نے شکوہ کیا کہ وہ جب بھی حکومت کی کرپشن اور دھاندلی کے خلاف آواز بلند کرنے لگتے ہیں تو انھیں دہشت گردی کے ممکنہ حملوں سے ڈرایا جاتا ہے۔

عمران کا کہنا تھا کہ حکومت ڈری ہوئی ہے اور چاہتی ہے کہ لوگ جمع نہ ہوں،لیکن کل سب دیکھیں گے کہ رائے ونڈ مارچ میں پورے پاکستان سے لوگ آئیں گے۔ رائے ونڈ مارچ کے دھرنے میں تبدیل ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ 'دھرنا پلس' ہوگا، جس کے لیے سب کو کل تک کا انتظار کرنا چاہیے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات