احتساب کا سونامی کل رائیونڈ کا رخ کریگا ،عوامی مسلم لیگ کے سوا اپوزیشن کی کوئی بڑی جماعت شرکت نہیں کریگی

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کرپشن کیخلاف جاری تحریک کے سلسلہ میں ( جمعہ) کو رائیونڈ کی طرف مارچ کرے گی جس کے اختتام پر رائیونڈ اڈہ پلاٹ پر جلسے کاانعقاد کیا جائے گا ،تحریک انصاف کے ملک بھر سے کارکنوں کے قافلے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ،تحریک انصاف نے مارچ اور جلسے جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے ،پی ٹی آئی کورائیونڈ مارچ اور جلسے میں عوامی مسلم لیگ کے سوا اپوزیشن کی کسی جماعت کی حمایت حاصل نہیں ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کرپشن کے خلاف تحریک کے سلسلہ میں آج جمعہ کو رائیونڈ کی طرف مارچ کرے گی جسکے اختتام پر رائیونڈ اڈا پلاٹ میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جس سے عمران خان اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کی طرف سے احتساب مارچ اور جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں خصوصاً ریلی کے روٹ پر بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں جس پر احتساب کے نعرے درج ہیں۔

تحریک انصاف کے ملک بھر سے کارکنوں کے قافلے رائیونڈ مارچ اور جلسے میں شرکت کیلئے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔دوسری طرف پی ٹی آئی کو رائیونڈ مارچ میں اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کی حمایت حاصل نہیں ۔ پی پی ،(ق) لیگ ،جماعت اسلامی اور عوامی تحریک سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل نہیں اور صرف شیخ رشید کی جماعت عوامی مسلم لیگ کے کارکن مارچ اور جلسے میں شریک ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کی طرف سے مارچ اور جلسے کی کامیابی کیلئے غیر رسمی اجلاسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے حکومت کی طرف کسی بھی طرح کی رکاوٹیں ڈالنے کی صورت میں پلان بی تیار کر لیا ہے جسے بوقت ضرورت پارٹی سربراہ کی اجازت سے عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔ کارکنوں کی گرفتاریوں کی صورت میں شہر کی اہم شاہراہوں کو جام کرنے اور متعلقہ تھانوں کا گھیراؤ کرنا حکمت عملی میں شامل ہے ۔

پی ٹی آئی کی طرف سے اڈا پلاٹ میں جلسے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ دوسری طرف پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بھی اپنے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ مارچ کی قیادت کرنے والے رہنماؤں اور شرکاء کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کیلئے 7ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے ۔جبکہ ٹریفک پولیس کے افسران اور درجنوں اہلکار بھی ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کے لئے تعینات ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مارچ کے روٹ پر کاروبار بند رکھا جائے گا اورحفاظتی نکتہ نظر سے روٹ سے ملحقہ تمام بڑے چھوٹے راستو ں کوکنٹینرز، بیرئیر اور خار تاریں لگا کر بند رکھا جائے گا۔پولیس کی طر ف سے گزشتہ روز سے ہی راستوں کی بندش شروع کر دی گئی جس سے شہریون کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جلسے کے آغاز سے آدھا گھنٹہ قبل اسٹیج کو مکمل سرچ اینڈ سویپنگ کے بعد سکیورٹی کلیئرنس کے بعد منتظمین کے حوالے کر دیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق احتساب مارچ کے روز شرکاء کے کسی بھی ممکنہ رد عمل سے بچنے کیلئے اہم سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی کو سخت رکھا جائے گا ۔ جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے احتساب مارچ کے موقع پر اپنے طور پر بھی سکیورٹی فرائض سر انجام دینے کے لئے بھی تیاریاں کی گئی ہیں جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے اور خواتین کی حفاظت کیلئے مرکزی رہنماؤں کو ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں جو احتساب مارچ اور بعدازاں اڈا پلات پر خطابات سننے والی خواتین کو سکیورٹی حصار میں رکھنے اور جلسے کے اختتام پر انہیں بحفاظت وہاں سے نکالنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :