پاکستان آرمی دنیا کی سب سے سخت جان فوج ہے، جنرل راحیل شریف

جمعرات 29 ستمبر 2016 16:36

راولپنڈی / ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے سخت جان فوج ہے، بنیادی وجہ ہمارے افسروں اور جوانوں کی جسمانی فٹنس ، پروفیشنل ازم اور چیلنجوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا جذبہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور چوتھی چیف آف آرمی سٹاف ینگ سولجرز انٹر سنٹرل پیسز (جسمانی پھرتی وجنگی استعداد سسٹم) چمپئن شپ کے فائنل مقابلے دیکھے۔

آرمی چیف نے کامیاب ہونیوالوں میں انعامات تقسیم کئے مجموعی طور پر بائیس رجمنٹس سنٹرز کے 406 شرکاء ان مقابلوں میں شریک ہوئے ، سپاہی شیراز خان نے 1214 پش اپس 30 منٹ کے اندر لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سپاہی جمشید خان 68 چن اپس کیساتھ اپنی کیٹگری میں سرفہرست رہے۔

(جاری ہے)

سیپر کمل حسین 2134 سٹ اپس کیساتھ اس کیٹگری میں اول رہے۔ سپاہی محمد آصف کو 2474 نمبروں کیساتھ فٹ آف دا فٹسٹ قرار دیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے مقابلہ کے شرکاء اور تربیت کاروں کو جسمانی فٹنس اور پروفیشنل ازم کے انتہائی اعلی معیار حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے سخت جان فوج ہے جس کی بنیادی وجہ ہمارے افسروں اور جوانوں کی جسمانی فٹنس ، پروفیشنل ازم اور چیلنجوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا جذبہ ہے۔