Live Updates

خواجہ آصف کیس ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے وکیل کو دلائل دینے کی اجازت دیدی

جمعرات 29 ستمبر 2016 15:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 ستمبر۔2016ء ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پارلیمنٹ میں ڈاکٹر شیریں مزاری کے خلاف نازیبا الفاظ زبان استعمال کرنے پر کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پرعدالت مداخلت کا اختیاررکھتی ہے، آئندہ ہفتے قانونی نقاط پر دلائل دیئے جائیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس اطہرمن اللہ نے وزیر دفاع خواجہ آصف خلاف درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

جج نے استفسار کیا کہ عدالت پارلیمانی امورمیں مداخلت کرسکتی ہے یا نہیں؟ تاہم جہاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو وہاں عدالت کو مداخلت کا اختیارہے، شیریں مزاری کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اسپیکرقومی اسمبلی کو دی گئی درخواست پر کچھ نہیں ہوا یہ معاملہ ہتک عزت کا ہے۔ خواجہ آصف نے خاتون رکن قومی اسمبلی کی ذات پرحملہ کیا، جسٹس اطہرمن اللہ نے وکلاء کو آئندہ سماعت پرقانونی نقاط پردلائل دینے کی ہدایت کی، شیریں مزاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے جان بوجھ کر اسمبلی میں مجھ پر حملہ کیا، خواجہ آصف نے مجھ سے معافی بھی نہیں مانگی، خاتون کی تضحیک ہونے پر وزیر اعظم کو مداخلت کرنا چاہیئے تھی، کل کوئی دوسرا شخص بھی وزیراعظم کے گھر کی خواتین کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات