پاکستان جنوبی ایشیا کو تباہی سے بچانے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر فائرنگ کر رہا ہے،بھارت اور نریندر مودی کا مقصد خطے کے امن کو تباہ کرنا ہے،مسئلہ کشمیر پر اسلامی برادر ممالک سے بہت امیدیں وابستہ ہیں

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 ستمبر 2016 15:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 ستمبر۔2016ء ) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بھارت کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کو تباہی سے بچانے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے،بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر فائرنگ کر رہا ہے،بھارت اور نریندر مودی کا مقصد خطے کے امن کو تباہ کرنا ہے،مسئلہ کشمیر پر اسلامی برادر ممالک سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مودی انتظامیہ نے پاکستان کے خلاف واضح پالیسی اپنائی ہوئی ہے،بھارت سفارتی اور دفاعی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے،ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں،ایسے اقدامات سے بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے اس کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں نعرے لگتے ہیں،لوگ پاکستان کیلئے جانیں قربان کر رہے ہیں،پاکستانی جھنڈا لہرایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کو خطے کے بڑے ملک کی حیثیت سے ذمہ دارانہ اقدامات اٹھانے چاہیں،پاکستان ابھی تک اس وجہ سے تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہیے کیونکہ وہ جنوبی ایشیاء کوخطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتا لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو ایل او سی پربھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو 1949کے فائر بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پابند کرنا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ او آئی سی سے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر رابطے میں ہیں،ہمارے ایجنڈے میں او آئی سی کی مقبوضہ کشمیر پر بنائی جانے والی کمیٹی کا اجلاس بلانا شامل ہے،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اسلامی برادر ممالک سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزی کر رہا ہے،بھارت کا مقصد خطے کا امن تباہ کرنا ہے،سارک کانفرنس منسوخ ہونے کا ذمہ دار پاکستان نہیں بھارت ہے،پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔