لائن آف کنٹرول پر بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے بعد بھارتی اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی ‘ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی 500 پوائنٹس تک کی کمی -بھارتی فوج کے دعوی کے بعد ممبئی اسٹاک ایکسچینج بی ایس ای سینسیکس 27 ہزار 740 پوائنٹس تک گرگیا‘بھارتی روپے کی قدرمیں بھی کمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 29 ستمبر 2016 14:55

لائن آف کنٹرول پر بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے بعد بھارتی اسٹاک ..

ممبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر۔2016ء) لائن آف کنٹرول پر بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کے بعد بھارتی اسٹاک مارکیٹ 500 پوائنٹس تک کریش کرگئی جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی 500 پوائنٹس تک کی کمی دیکھی گئی۔ممبئی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز 9 بجکر 15 منٹ پر 28ہزار 452پوائنٹس پر ہوا جب کہ 12 بجے کے قریب جب بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے پر مبنی خبریں سامنے آنا شروع ہوئیں تو ممبئی اسٹاک ایکسچینج بی ایس ای سینسیکس 27 ہزار 740 پوائنٹس تک گرگیا۔

تاہم دوپہر دو بجے تک بی ایس ای میں دوبارہ تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس 27 ہزار 902 پوائنٹ کی سطح پر پہنچ گیا۔علاوہ ازیں بھارت کی جانب سے کنڑول لائن پر سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے کا اثر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر بھی دیکھنے میں آیا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایکس میں کاروبار کا آغاز 9 بج کر 16 منٹ پر 4 ہزار 355 پوائنٹس پر ہوا اور 12 بجے سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں انتہائی تیزی کا رجحان تھا اور انڈیکس 11 بجکر 50 منٹ پرتقریباً 500 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 842 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے سامنے آنے کے بعد انڈیکس میں تقریباً 500 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس ساڑھے 12 بجے تک 40 ہزار 339 کی سطح پر آگیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان جاری رہا اور ایک بجکر 45 منٹ تک انڈیکس 40 ہزار 274 پوائنٹس پر آچکا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سرجیکل اسٹرائیکس کی رپورٹس سامنے آتے ہی بھارتی شیئرز، بانڈز اور روپے کی قدر میں کمی واقع ہوئی اور این ایس ای انڈیکس 2.07 فیصد تک نیچے گرگیا۔