مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی رانا محمد افضل خان اورسینیٹر عائشہ رضا فاروق کی پیرس میں فرانسیسی سینیٹرز، اعلیٰ حکام اورمقامی تھنک ٹینکس سے ملاقاتیں،مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی

جمعرات 29 ستمبر 2016 14:05

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 ستمبر۔2016ء) مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی رانا محمد افضل خان اورسینیٹر عائشہ رضا فاروق نے فرانسیسی سینیٹرز، فرانس کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اورمقامی تھنک ٹینکس سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی۔

انہوں نے فرانس کے دارلحکومت پیرس میں فرامسیسی سینیٹ میں فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے صدر سینیٹر پاسکل ایلیزرد سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیرمیں نہتے عوام پربھارتی قابض افواج کے مظالم سے آگاہ کیا۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق اوررانا محمد افضل خان وزیراعظم کی جانب سے دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کیلئے مقرر کئے گئے 22 خصوصی نمائندوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے خصوصی نمائندوں نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری عوام کے خلاف طاقت اور بالخصوص پیلٹ گنز کے بلا امتیاز استعمال سے متعلق آگاہ کیا جس سے سینکڑوں افراد بینائی سے محروم اور زخمی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے فرانس پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے جن میں بھارتی مقبوضہ کشمیرکو ایک متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے آزاد اور شفاف رائے شماری پر زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکا م کا خواہاں ہے اور بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا بامقصد مذاکرات کے ذریعہ پرامن حل چاہتا ہے۔وزیراعظم کے خصوصی نمائندوں نے فرانس میں پاکستانی اورکشمیری کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اورانہیں عالمی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستانی اورکشمیری برادری کے ارکان نے فرانس میں مسئلہ کشمیرکو موثر اور پرامن اندازمیں اجاگرکرنے پر وزیراعظم کے خصوصی نمائندوں کے کردار کو سراہا۔