بھارت نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کرکے ہمارے جوانوں کو شہید کیا ،سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستانی فوج بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے ،وزیردفاع خواجہ آصف کا بھارتی جارحیت پرردعمل کااظہار

جمعرات 29 ستمبر 2016 13:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 ستمبر۔2016ء ) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کنٹرول لائن ،کیل،ہاٹ سپرنگ،لیپہ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کرکے ہمارے دو جوانوں کو شہید اور 9ا ہلکاروں کو زخمی کردیا،سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستانی فوج بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو وفاقی وزیرخواجہ آصف نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ رات بھارت کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں سے ایل او سی پر فائرنگ کی گئی،کیل،ہاٹ سپرنگ،لیپہ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2فوجی جوان شہید اور 9زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کو ویسا ہی جواب دیا جیسی بھارت کی کارروائی تھی،بھارت کی جانب سے فائرنگ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی،سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستانی فوج بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔