چائلڈپروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے انسداد گداگری مہم کے حوالے سے گرینڈ ریسکیو آپریشن جاری

جمعرات 29 ستمبر 2016 12:58

لاوہر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 ستمبر۔2016ء) چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق کی ہدایت پر بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے انسداد گداگری مہم کے حوالے سے گرینڈ ریسکیو آپریشن کیا گیاجس کے دوران چائلڈپروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائی کے دوران 26بھکاری بچوں کو تحویل میں لے لیا جن میں23لڑکے اور3لڑکیاں شامل ہیں۔

بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے گزشتہ روز کیمپس پل، برکت مارکیٹ، مون مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، لبرٹی، مین مارکیٹ گلبرگ،ڈیفنس موڑ، وائی بلاک، ایچ بلاک مارکیٹ ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن کے دیگر علاقوں اور شاہراہوں پر کاروائی کی گئی جس کے دوران بھیک مانگنے والے بچوں کوتحویل میں لیا گیا۔ اس سلسلے میں خصوصی طور پر تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

(جاری ہے)

اس ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس کی ٹیموں کا تعاون بھی شامل تھا۔ تحویل میں لئے گئے بچوں کی عمریں 5سال سے 14سال کے درمیان ہیں اور ان تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں پیش کرنے کے بعد قانونی تحویل حاصل کی گئی ۔عدالت کے حکم پر ان بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان بچوں کو رہائش اور خوراک کی تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں نیز ان بچوں کے والدین سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ انسداد گداگری مہم کے تحت شہر کے مختلف بازاروں ، شاہراہوں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے تاکہ بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کا خاتمہ کیا جا سکے۔