پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ہائیڈرل کے شعبہ میں خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 28 ستمبر 2016 22:17

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 ستمبر - 2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ہائیڈرل کے شعبہ میں خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔آزادکشمیر کا خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ سے 720میگا واٹ بجلی پیدا کی جائیگی جس سے نہ صرف نیشنل گریڈ میں بجلی کی مقدار میں اضافہ ہوگا بلکہ خطہ میں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

آزادکشمیر میں سستی اور انوائرمنٹ فرینڈلی بجلی پیدا کرنے کا وسیع پوٹینشل موجود ہے۔چائینہ ہمارا دیرانہ دوست اسکے تعاون پر شکرگزار ہیں۔کیروٹ پراجیکٹ سی پیک کا حصہ ہے ۔سی پیک سے خطہ کی تقدیر بدل جائیگی اورمعیشت میں تیزی سے بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

کیروٹ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کو حکومت اور عوام کی جانب سے مکمل تعاون کایقین دلاتا ہوں۔آزاد کشمیر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہترین ہے۔

سرمایہ کار یہاں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کریں حکومت بھرپور تعاون کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں 720میگا واٹ کے کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ کی ایگریمنٹ سائننگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسیکرٹری برقیات فیاض علی عباسی،کیروٹ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے نمائندہ مسٹر شینگ، پرائیویٹ پاور اینڈ انفاسٹرکچر کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہجہان مرزا نے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب میں وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر محمد نجیب نقی،وزیر مال سردار فاروق سکندر خان،قائمقام چیف سیکرٹری ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر،سیکرٹریز حکومت ،سربراہان محکمہ جات اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر کمپنی کی جانب سے وزیر اعظم کو پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ بھی دی گی۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں 8ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیداد کرنے کا پوٹینشل موجود ہے۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہائیڈرل کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس سے نہ صر ف خطہ سے بجلی کا بحران حل ہوگا بلکہ ہماری معیشت مضبوط ہوگی اور نوجوانوں کو روزگارکے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور ہر شعبہ میں چین کا تعاون شامل رہا ہے۔ا ٓزادکشمیر میں چین نے ہائیڈرل کے شعبہ میں کئی پراجیکٹس شروع کر رکھے ہیں جس پر ہم چین کی حکومت کے شکرگزار ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پرائیویٹ پارٹنر شپ سے ایک میگا سائز پراجیکٹ آزادکشمیرمیں شروع کیا جا رہا ہے۔جس پر حکومت پاکستان،چائینہ اور تمام سٹیک ہولڈر کا بھی شکریہ اداکرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ سے حکومت آزادکشمیر پوری طرح مطمئن ہے اور ہماری خواہشات کے مطابق اس پراجیکٹ کو شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری برقیات فیاض علی عباسی نے کہا کہ کیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ سے واٹر یوزچارجز کی مد میں حکومت کو خطیر رقم حاصل ہوگی جس سے ہماری معیشت میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پترینڈ ،گلپوراورکوہالہ کے بعد کیروٹ کے منصوبہ کی تکمیل سے نیشنل گریڈ میں کافی مقدار میں بجلی شامل ہوجائے گی جس سے بجلی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیروٹ پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے نمائندہ مسٹر شینگ نے کہا کہ چین نے پاکستان سے انرجی بحران کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔چین کے تعاون سے پاکستان اور آزادکشمیر میں بجلی کے لاتعداد منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کی تکمیل سے بجلی کا بحران کافی حد تک حل ہوجائیگا۔

حکومت پاکستان اور آزادکشمیر کے ساتھ مکمل تعاون رہے گا اور بجلی کے تمام منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ پرائیویٹ پاور اینڈ انفاسٹرکچر کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہجہان مرزا نے کہا کہ آزادکشمیرمیں پرائیویٹ پارٹنرشپ سے شروع کیے جانے والا یہ چوتھا منصوبہ ہے جو پانچ سال کی مدت میں مکمل کیا جائیگا۔ماضی میں حکومتوں کی جانب سے پالیسیوں کے عدم تسلسل کی وجہ سے انرجی سیکٹر بری طرح متاثر ہوا لیکن اب حکومت نے ایک جامعہ حکمت عملی اختیار کی ہے جس کی بدولت بجلی بحران بتدریج کم ہوگا اور بہت جلد اس پر قابو پالیاجائیگا۔اس موقع پرکیروٹ ہائیڈرل پراجیکٹ کے عملدرآمد معاہدہ،زمین لیز کے معاہدہ اور واٹر یوز چارجز معاہدہ پر دستخط بھی کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :