مقبوضہ کشمیر،میر واعظ فورم کی پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت

بھارت تمام ترجبر وا ستبداد کے باوجود کشمیریوں کی جد وجہد کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے ،ترجمان

بدھ 28 ستمبر 2016 18:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 ستمبر - 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر اور خطہ چناب میں کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے پر امن مظاہروں ،ریلیوں اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز پر امن مظاہروں کے خلاف پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کا سلسلہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پیلٹ کے اندھا دھند استعمال کے نتیجے میں جو زخمی افراد ہسپتالوں میں زیر علاج ہے ان میں روزانہ دو افراد اپنی بینائی سے محروم ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطہ چناب کے کشتواڑ اور بھدرواہ وغیرہ میں کئی روز سے شدید کرفیو نافذ ہے جبکہ جامع مسجد کشتواڑمیں عین نماز ظہر کے وقت نمازیوں کو محاصرے میں لیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ وادی کشمیر سمیت خطہ چناب میں بھی رات کے وقت چھاپوں اور گرفتاریوں کا مذموم سلسلہ بھی جاری ہے اور سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں کو جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جاچکا ہے۔ ترجمان نے ظالمانہ، آمرانہ اور غیر جمہوری کارروائیوں کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پُر زور مذمت کی ۔ترجمان نے کہا کہ بھارت تمام ترجبر وا ستبداد کے باوجود کشمیریوں کی جد وجہد کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور کشمیری عزم وہمت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :