Live Updates

عمران خان کی سیاست کا محور انتشار، غلط بیانی اورالزام تراشی ہے،پچھلے دھرنوں کی طرح عمران خان کا 30 ستمبر کا شوبھی برُی طرح ناکام ہو گا،ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے ،2018ء میں بھی بھرپور کامیاب ہوں گے

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہرکاعمران خان کے بیان پرردعمل کااظہار

بدھ 28 ستمبر 2016 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہتحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی سیاست کا محور صرف اور صرف ملک میں انتشار پھیلانا،غلط اور بے بنیاد الزام لگا نا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آج تک کے لگائے گئے الزامات میں کوئی بھی سچ ثابت نہیں ہوئے اور بارہا عمران خان کو اپنے غلط الزامات کے باعث شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ تین سال عمران خان دھاندلی کا واویلا کرتے رہے اور بلا خرجوڈیشل کمیشن نے اُن کے تمام تر الزامات کو مسترد کر دیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی غلط بیانی اور الزام تراشی پر مبنی اسی طرز سیاست کے باعث اُن کا popularity کا گراف نیچے گر گیا ہے اور خنجراب تا کراچی عوام نے اُن کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر سے لے کر پورے ملک میں ہونے والے ہر قسم کے انتخابات میں انہیں برُی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے عمران خان کے سیاسی مستقبل کو تاریک قرار دیتے ہوئے کہا ہے ہمیشہ سیاست اور دیگر شعبوں میں وہ شخص کامیاب ہوتا ہے جو اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کر کے اپنی اصلاح کرے لیکن بد قسمتی سے اس قسم کی اصلاح عمران خان کے مقدر میں نہیں ہے اور وہ خود اپنی جماعت کی سیاست کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑاکیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نہتے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑرہے ہیں اور دوسری جانب بھارت پاکستان کے خلاف جنگی و آبی جارحیت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ایسے میں عمران خان احتجاج کر کے ملک کو اور اپنی سیاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

عوام عمران خان کے اس بے وقت احتجاج کو سختی سے مسترد کرتے ہیں اور اُن کو اس کا واضح ثبوت اپنے 30 ستمبر کے جلسے یا احتجاج سے ہو جائے گا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہاکہ عمران خان کا 30 ستمبر کا احتجاج اپنے پچھلے تمام دھرنوں اور مارچ کی طرح برُی طرح ناکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے اور احتجاج کی آڑ میں درحقیقت ترقی و خوشحالی کے اُس سفر میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں جو 2018 ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سبب بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے صوبے کی ترقی سے متعلق اپنا قیمتی وقت دھرنوں اور احتجاج کی نظر کرچکے ہیں اور اب باقی دوسال سے کم عرصے میں کوئی وہاں خاطر خواہ تبدیلی نہیں لا سکتے اس لیے انہوں نے اب احتجاج اور دھرنے کوہی اپنا شعار بنا لیا ہے اور اسی کو اپنا راہ نجات تصور کر لیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو اب یہ بات تسلیم کر لینی چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتیں اُن کو چھوڑ چکی ہیں اب بھی وقت ہے کہ وہ اپنا سیاسی قبلہ پارلیمنٹ کو مان لیں اور اپنے تمام تر تحفظات سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں آ کربیان کریں۔

سیاست میں وہ ہی سیاست دان کامیاب ہوتا ہے جو حالات کو دیکھتے ہوئے درست فیصلے کرتے ہیں ۔ پاکستانی عوام نے دھرنا سیاست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے محمدنواز شریف کے ترقی کے وژن کو بھرپور سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے جس کا واضح ثبوت تمام ضمنی الیکشن میں محمدنواز شریف پر اعتماد کابھرپور اظہار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :