عالمی سطح پر بھارت تنہا ء ہو چکا ، اسلامی دنیا ہی نہیں بلکہ عالمی دنیا بھی ہندوستانی مظالم پر احتجاج کر رہی ہے‘ پاکستان علماء کونسل

بدھ 28 ستمبر 2016 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) عالمی سطح پر ہندوستان تنہا ء ہو چکا ہے ، اسلامی دنیا ہی نہیں بلکہ عالمی دنیا بھی ہندوستانی مظالم پر احتجاج کر رہی ہے ، سعودی عرب ، قطر ، بحرین، ترکی اور دیگر اسلامی ممالک پاکستان کو واضح طور پر یقین دلا چکے ہیں کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہر ہر لمحہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، حافظ محمد امجد ، مولانا محمد ایوب صفدر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ہندوستانی مظالم پر امریکہ بھی منافقانہ موٴقف اختیار کیے ہوئے ہے لیکن پاکستان کے موٴقف کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ترکی ، سعودی عرب ، چین کی قیادتوں نے پاکستان کو ہر سطح پر اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اسلامی ممالک میں سفارتی سطح پر پیش نہیں کیا گیا جس کیلئے پاکستان کو مزید محنت کرنی چاہیے، لیکن ہندوستان یا کسی اور ملک کو اس غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے کہ کوئی مسلم ملک ہندوستانی جارحیت پر پاکستان کے خلاف اس کا ساتھ دے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی اور اسلامی سر براہی کانفرنس میں کشمیرڈیسک موجود ہیں رابطہ عالم اسلامی مسلم علماء اور سکالرز کی اس وقت واحد نمائندہ تنظیم ہے جس نے ہمیشہ ہر سطح پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کی ہے۔سعودی عرب ، قطر ، بحرین ، کویت اور دیگر اسلامی ممالک کشمیریوں کی جدوجہد کے تائید کنندہ ہیں ۔ ہندوستان کے مظالم پر مسلم دنیا کیسے خاموش رہ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا اعلیٰ سطحی پانچ رکنی وفد کشمیر کی صورتحال پر جلد اسلامی ممالک کا دورہ کرے گا۔